لاہور(ایجو کیشن رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی لائبریری کے زیر اہتمام ’یومِ کتاب‘ کی مناسبت سے ناصر عباس نیئر کی کتاب ’نئے نقاد کے نام خطوط‘ اورزوریٹا آرمیٹج کی تصنیف ‘Big Capital in an unequal world: the micro-politics of Wealth in Pakistan’ کا تعارفی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی، انسٹی ٹیوٹ آف انگلش سٹڈیز سے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہ زیب خان، پروفیسر ڈاکٹر ناصر عباس نیئر، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر ہارون عثمانی نے اردوتصنیف پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کتاب کی حکمت ادب کے ایک آنے والے ادبی نقاد کی رہنمائی کے لیے لکھی گئی ہے لیکن ہر کوئی اس سے مستفید ہو سکتا ہے۔ ڈاکٹر شاہ زیب خان نے انگریزی کتاب پر سیرحاصل بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مسائل کی اصل وجوہات جاننے اور ان کے حل پر غور کرنے کے لیے ایسی کتابوں کا مطالعہ ضروری ہے۔ بعد ازاں ڈاکٹر ناصر عباس نے لائبریری کے دس قارئین میں بک لورز ایوارڈ تقسیم کئے۔