لاہور(ایجو کیشن رپورٹر) میٹرک اور انٹر میڈیٹ رزلٹ کے بارے میں سوشل میڈیا پر افواہوں کا طوفان، جعلی نوٹیفکیشن بھی وائرل ہونے لگے طلباو طالبات اور انکے والدین میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی۔ جعلی نوٹیفکیشنز کی تصدیق کے لیے تعلیمی بورڈز میں فون کالز کا تانتا بندھا رہا ہے۔ تعلیمی بورڈز کی جانب سے وضاحتیں،رزلٹ کا اعلان کابینہ کی منظوری کے بعد ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے انٹر میڈیٹ امتحان 2021کا رزلٹ تیار کر لیا ہے لیکن حکومتی پالیسی کے تحت اس کا اعلان کرنے میں ابھی کچھ دن لگیں گے اس پالیسی کی منظوری پنجاب کابینہ سے لینا ضروری ہے جس کی بنا پر اس میں تاخیر ہو رہی ہے پنجاب کابینہ کا اجلاس کب ہو گا کچھ پتہ نہیں ہے گزشتہ سال بھی کابینہ کی منظوری لینے میں تاخیر ہوئی تھی اور اس بار بھی انٹر میڈیٹ رزلٹ میں تاخیر کابینہ سے منظوری لینے میں تاخیر کے باعث ہورہی ہے
تعلیمی بورڈ لاہور کے ترجمان قیصر محمود ورک کا کہنا ہے کہ جب تک کابینہ سے منظوری نہیں ہوگی رزلٹ کا اعلان نہیں کر سکتے ہیں حکومتی پالیسی کے مطابق رزلٹ کا اعلان کریں گے سمری کابینہ سے منظوری کے لیے گئی ہوئی ہے جونہی منظور ہو کر وہاں سے آتی ہے رزلٹ کا اعلان کر دیا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا پر پی بی سی سی رزلٹ کی تاریخوں کے حوالے سے گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ جعلی ہے طلبا و طالبات اور انکے والدین اس پر توجہ نہ دیں
سوشل میڈیا پر اس وقت انٹر میڈیٹ رزلٹ 2021کے حوالے سے افواہوں کا طوفان چل رہا ہے اور بہت سی ویب سائٹس،یو ٹیوب چینل جعلی نوٹیفکیشن بنا بنا کر چلا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ویوز لیے جاسکیں۔ لین یہ سب جعلی ہیں اور ان فیک خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے رزلٹ کے حوالے سے کابینہ سے منظوری کے بعد پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز رزلٹ کا اعلان کریں گے جس کا باقاعدہ اعلان قومی اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا پر کیا جائے گا اور باقاعدہ تمام تعلیمی بورڈز سے پریس ریلیزز جاری کی جائیں گی